بنگلادیش نے بھارت میں قونصلر اور ویزا خدمات معطل کر دیں
بنگلادیش نے بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں قائم اپنے ہائی کمیشن کی قونصلر اور ویزا خدمات عارضی طور پر بند کر دی ہیں۔ ہائی کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر یہ خدمات تاحکمِ ثانی معطل رہیں گی۔
اعلامیے کے مطابق ناگزیر حالات کے باعث عوام کو پیش آنے والی مشکلات پر افسوس ہے، تاہم موجودہ صورتِ حال میں عملے اور شہریوں کی سلامتی کو ترجیح دی جا رہی ہے۔
بنگلادیشی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ فیصلہ نئی دہلی میں بنگلادیش مشن کے باہر ہونے والے احتجاج کے دو روز بعد سامنے آیا ہے۔ بنگلادیش کے خارجہ امور کے مشیر توحید حسین کا کہنا ہے کہ انہیں اطلاعات موصول ہوئیں کہ مظاہرین کی جانب سے ہفتے کی شام ہائی کمشنر ریاض حمید اللہ کو سنگین دھمکیاں دی گئیں۔
دوسری جانب بھارت میں پیدا ہونے والی کشیدگی کے اثرات بنگلادیش کے مختلف شہروں میں بھی دیکھے گئے۔ چٹاگانگ میں بھارتی ویزا ایپلیکیشن سینٹر نے سیکیورٹی خدشات کے باعث اپنی سرگرمیاں معطل کر دیں، جبکہ گزشتہ ہفتے ڈھاکا، کھلنا اور چٹاگانگ میں احتجاج کے دوران ویزا مراکز جزوی طور پر بند رہے۔
اطلاعات کے مطابق حالیہ کشیدگی کے تناظر میں دونوں ممالک نے ایک دوسرے کے ہائی کمشنرز کو بھی طلب کیا ہے، جس سے سفارتی سطح پر معاملات کی سنگینی کا اندازہ لگایا جا رہا ہے۔
