پیپلز پارٹی آزاد کشمیر اور جمعیت علمائے اسلام(ف) کے درمیان انتخابی اتحاد طے پا گیا،پلندری اور دھیرکوٹ میں پیپلز پارٹی آزادجموں و کشمیر جمعیت علماء اسلام (ف) کے امیدواروں کی حمایت کرے گی جبکہ باقی تمام
حلقوں میں جمعیت علماء اسلام(ف) پیپلز پارٹی آزادجموں و کشمیر کے امیدواروں کی حمایت کرے گی ۔
اس سلسلے میں جمعتہ المبارک کو ایک اہم اجلاس جموں کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں ہوا۔اجلاس میں
آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور ،پیپلز پارٹی آزادجموں و کشمیر کے صدر چوہدری محمد یسین ،سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان ،وزیر حکومت محترمہ نبیلہ ایوب ،سابق وزیر جاوید بٹ اور وزیراعظم کے پولیٹیکل اسسٹنٹ سید عزادار حسین کاظمی اور راحیل ملک نے شرکت کی ۔جے ہو آئی (ف) کے وفد کی قیادت جمعیت علماء اسلام ( ف ) آزادکشمیر کے صدر مولانا سعید یوسف نے کی۔ اس موقع پر مولانا امتیاز عباسی، مولانا ادریس،صاحبزادہ حماد سعید اور سردار امجد حسین بھی موجود تھے ۔
ملاقات میں دونوں جانب سے الیکشن 2026 سے قبل باہمی انتخابی اتحاد کے ساتھ جدوجہد کے آغاز کا اعلان کیا گیا ، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ جے یو آئی(ف) نے ہمیشہ جمہوری رواداری کےلیے کردار ادا کیا ہے ، مولانا فضل الرحمن اعلی پائے کے ایسے رہنماء ہیں جن کی سیاسی بصیرت اور دور اندیشی کو سراہتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ مولانا سعید یوسف کی جمہوری خدمات اور خطے میں ان کی دینی خدمات قابل قدر ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور جے یو آئی(ف) کے درمیان اتحاد قائم ہو چکا ہے جس کا باضابطہ اعلان جلد چیرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کی آمد پر کر دیا جائے گا ۔یہ اتحاد دونوں جماعتوں کے لیے خوش آئند اور خطے کی سیاست میں مثبت تبدیلی کا باعث بنے گا۔
