عالمی فوجداری عدالت کے دو ججوں پر پابندی عائد
واشنگٹن / ہیگ،امریکا نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے خلاف فیصلہ دینے والے عالمی فوجداری عدالت (آئی سی سی) کے دو ججوں پر پابندی عائد کر دی ہے۔ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے مطابق یہ پابندیاں ایسے ججوں پر عائد کی گئی ہیں جو اسرائیل کے شہریوں کے خلاف تحقیقات، گرفتاری، حراست یا مقدمہ چلانے کی کوششوں میں شامل رہے۔
مارکو روبیو نے کہا کہ پابندی عائد کیے جانے والے جج جارجیا اور منگولیا کے شہری ہیں اور اب وہ اور ان کے اہلخانہ امریکا کا سفر نہیں کر سکتے، نیز امریکا میں موجود ان کے اثاثے ضبط کیے جائیں گے۔ امریکی وزیر خارجہ نے اس اقدام کو آئی سی سی کی جانب سے اسرائیل کو نشانہ بنانے اور سیاسی نوعیت کے اقدامات جاری رکھنے سے منسلک قرار دیا، جسے تمام ممالک کے لیے خطرناک مثال قرار دیا گیا ہے۔
امریکا کی جانب سے یہ پابندیاں گزشتہ سال نومبر میں آئی سی سی کی طرف سے غزہ میں مبینہ جنگی جرائم کے سلسلے میں نیتن یاہو کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے بعد عائد کی گئی ہیں۔
دوسری جانب عالمی فوجداری عدالت نے امریکی پابندیوں کو عدالت کی خودمختاری پر کھلا حملہ قرار دیتے ہوئے اسے مسترد کیا ہے اور کہا ہے کہ عدالت اپنی قانونی حدود اور اختیار کے تحت فیصلے کرتی ہے، جس میں کسی بیرونی دباؤ کو دخل دینے کی گنجائش نہیں۔
