مُردے کی الیکشن میں وکٹری-دنیا بھر کے جمہوری ممالک میں عوام ووٹ کے ذریعے اپنے نمائندوں کا انتخاب کرتے ہیں،
تاہم بھارت میں ایک ایسا انوکھا اور حیران کن واقعہ پیش آیا جس نے سب کو ششدر کر دیا، جہاں ایک مردہ امیدوار نے الیکشن جیت لیا۔
یہ دلچسپ واقعہ بھارتی ریاست تلنگانہ میں ہونے والے پنچایت انتخابات کے دوران سامنے آیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ایک امیدوار مرلی پولنگ سے پانچ روز قبل دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گیا تھا، تاہم اس کے باوجود اس کا نام بیلٹ پیپر سے خارج نہ کیا جا سکا۔
جب پولنگ کے بعد ووٹوں کی گنتی مکمل ہوئی تو حیران کن طور پر 23 سالہ متوفی مرلی ہی سب سے زیادہ ووٹ لے کر کامیاب قرار پایا۔ نتیجہ سامنے آتے ہی مقامی حکام بھی مخمصے کا شکار ہو گئے۔
رپورٹس کے مطابق ریٹرننگ آفیسر (آر وی او) نے اس غیر معمولی صورتحال کے پیش نظر انتخابی نتائج روک دیے ہیں اور معاملے پر اعلیٰ حکام سے رہنمائی طلب کر لی گئی ہے۔ اس انوکھے انتخابی واقعے نے جمہوری نظام میں انتظامی خامیوں پر بھی سوالات اٹھا دیے ہیں۔
