اسلام آباد — وفاقی دارالحکومت میں کرکٹ میچوں کے دوران ٹریفک جام کے مسائل کے حل کے لیے وزارتِ داخلہ نے سیکٹر ڈی-12 میں عالمی معیار کا نیا کرکٹ اسٹیڈیم تعمیر کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے چیئرمین سی ڈی اے کو منصوبہ ایک سال کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
منصوبے کے تحت اسلام آباد میں دبئی کے جدید اسپورٹس کمپلیکس کی طرز کا اسٹیڈیم تعمیر کیا جائے گا، جسے شہر کے مرکزی علاقوں سے دور رکھنے سے ٹریفک مسائل میں نمایاں بہتری آنے کی توقع ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اسٹیڈیم کے قریب سات ستارہ ہوٹل بھی بنایا جائے گا تاکہ بین الاقوامی ٹیموں کے قیام و طعام کی سہولیات ایک ہی مقام پر دستیاب ہو سکیں۔
مزید بتایا گیا ہے کہ منصوبے میں جدید پارکنگ، سیکیورٹی سسٹم اور ٹرانسپورٹ کی بہتر سہولتیں شامل ہوں گی، جبکہ اسٹیڈیم کے ڈیزائن میں دبئی اسپورٹس کمپلیکس جیسے جدید فیچرز بھی شامل کیے جائیں گے۔
