پاک،بھارت ہاکی میچ 3-3 گول سے برابر
ملائیشیا کے شہر جوہر بارو میں سلطان آف جوہر ہاکی کپ کے دوران پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ دلچسپ مقابلے کے بعد 3-3 گول سے برابر رہا۔
میچ کے دوران پاکستان کو ایک وقت پر 2-0 کی برتری حاصل تھی۔ بھارت نے فوری طور پر دو گول کر کے مقابلہ برابر کیا، اور بعد میں تیسرا گول کر کے برتری حاصل کی، تاہم سفیان خان نے میچ کے اختتام سے صرف 4 منٹ قبل گول کر کے مقابلہ برابر کر دیا۔
میچ کا پہلا کوارٹر پاکستان کی 1-0 کی برتری پر ختم ہوا جبکہ دوسرے کوارٹر میں کوئی گول نہ ہوا۔ تیسرے کوارٹر میں پاکستان نے پنالٹی کارنر کے ذریعے دوسرا گول کیا، لیکن بھارت نے پنالٹی اسٹروک سے ایک گول کر کے اسکور کم کیا۔
چوتھے کوارٹر میں بھارتی ٹیم نے سب سے پہلے میچ برابر کیا، پھر 52ویں منٹ میں برتری حاصل کی، لیکن سفیان خان کے خوبصورت گول نے میچ کو 3-3 سے برابر کر دیا۔
پاکستانی ٹیم کا اگلا میچ کل نیوزی لینڈ کے خلاف ہوگا۔ میچ کے آغاز سے قبل دونوں ٹیموں نے قومی ترانے کے بعد روایتی انداز میں ہائی فائیو کرتے ہوئے تماشائیوں کو محظوظ کیا۔
