سری لنکا میں کھیلے گئے تین ون ڈے میچز کی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے افغانستان کوسنسنی خیر مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے ہرادیا اور سیریز اپنے نام کر لی۔
سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے آخری وکٹ پر ہدف حاصل کیا۔پاکستان نے 301 رنز کا ہدف آخری اوور میں ایک گیند قبل حاصل کرکے تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔
واضح رہے کہ افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا، اور مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 300 رنز بنائے۔ افغان اوپنر رحمٰن اللہ گرباز نے 151 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور شاہین آفریدیکے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔
محمد نبی 29، راشد خان 2 اور شاہد اللہ ایک رن بناکر آؤٹ ہوئے،کپتان حشمت اللہ شاہدی 15 اور عبدالرحمٰن 4 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ نے 9 اوورز میں 45 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی، اسامہ میر نے 10 اوورز میں 61 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی، حارث رؤف نے 7 اوورز میں 48 اور شاداب خان نے 10 اوورز میں 53 رنز دیے۔
پاکستان کی پہلی وکٹ 52 کے مجموعی اسکور پر گری تھی جب فخرزمان 30 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جس کے بعد امام الحق اور بابراعظم کے درمیان 118 رنز کی طویل پارٹنر شپ ہوئی۔170 کے مجموعی اسکور پر بابراعظم 53 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جس کے بعد وکٹیں گرنے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔محمد رضوان 2، سلمان علی آغا 14 اوراسامہ میر کھاتا کھولے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے۔نسیم شاہ ایک بار پھر مرد بحران ثابت ہوئے۔ نسیم شاہ نے 5 گیندوں پر2 چوکوں کی مدد سے 10 رنز بناکر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا۔
شاداب خان نے 48 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں فیصلہ کن کردار ادا کیا۔شاداب خان 48 ویں اوور میں 48 رنز بناکر آوٹ ہوئے۔ پاکستان کی ساتویں وکٹ 46.2 اوورز میں 258 کے مجموعی اسکور پر گری جب افتخار احمد 17 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔39 ویں اوور میں 211 کے مجموعی اسکور پر امام الحق 91 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ واضح رہے کہ پاکستان ٹیم نے پہلے میچ میں حریف ٹیم کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے 142 رنز سےکامیابی حاصل کر لی تھی۔ اس طرح پاکستان سیریز اپنے نام کرنے میں کامیاب ہو گیا۔

