کھیل کوئی بھی ہو اس کے عالمی سطح کے مقابلوں کی افتتاحی تقریب بڑی اہمیت کی حامل ہوتی ہے۔ اس تقریب کے ذریعے میزبان ملک اپنی ثقافت، نظریہ اور انداز فکر پیش کرتا ہے۔
امسال فٹ بال کے عالمی کپ کا افتتاح غانم المفتاح نے کیا۔ وہ 5 مئی 2002 کو قطر میں پیدا ہوئے۔ بچپن سے ہی ایک بیماری کی وجہ سے ان کی ریڑھ کی ہڈی کا زیریں حصہ فعال نہیں ہے۔ ابتدائی تعلیم کے حصول کے لیے بڑی مشکل سے ایک سکول میں داخلہ ملا لیکن وہاں بھی ان ہم جماعت اور ہم مکتب ایک معذور بچے کے ساتھ کھیلنے کودنے سے اعراض برتتے۔
لیکن غانم المفتاح نے ہمت ہارنے کے بجائے معذوری کو شکست دینے کا عزم کیا۔۔ ایک پختہ اور غیر متزلزل عزم۔ آج غانم قطر کے معروف موٹیویشنل سپیکر ہیں۔ ان کی ملکیت میں قطر کی ایک کمپنی بھی ہے جس کی ملک بھر میں 6 شاخیں اور بہت سے ملازمین ہیں۔
الغانم فاؤنڈیشن دنیا بھر میں معذور افراد کو وہیل چئیر فراہم کرتی ہے۔ یہ فاؤنڈیشن بھی غانم اپنے خاندان کے تعاون سے چلاتے ہیں۔
غانم المفتاح نے وہیل چئیر کے بغیر ہاتھوں کے بل عمرہ کی سعادت حاصل کی۔ اپنے عہد طالبعلمی میں وہ دستانے پہن کر فٹ بال کھیلا کرتے تھے۔ نیز وہ غوطہ خوری بھی کرتے ہیں اور سمندر میں 200 میٹر تک غوطہ خوری کے جوہر دکھا چکے ہیں
قطر فٹ بال کے عالمی کپ کا افتتاح قاری غانم المفتاح کے ہاتھوں کروا کر انسانیت کو کیا پیغام دینا چاہتا ہے؟ یہی کہ سپیشل افراد معذور نہیں ہوتے بس ان کی حوصلہ افزائی کی ضرورت ہوتی ہے۔
اور دوسری اہم بات یہ ہے کہ دنیا کے سینکڑوں معروف چینلز، یو ٹیوب چینلز اور سوشل میڈیا پر افتتاحی تقریب کے توسط سے رب کائنات اپنی لاریب کتاب کی آیات کے ذریعے مکرر انسانیت کو اس جانب متوجہ کر رہا ہوگا۔۔۔
"الست بربکم ؟”
دیکھیے کس کس کا ضمیر اثبات میں جواب دیتا ہے۔
(شکریہ کے ساتھ کچھ معلومات کے لیے ثمینہ سعید کے کالم سے استفادہ کیا گیا)

