اسٹار لنک سیٹلائٹ میں تکنیکی خرابی،زمین پر گرنے کا امکان
کیلیفورنیا: ایلون مسک کی کمپنی اسپیس ایکس نے خبردار کیا ہے کہ اسٹار لنک سیٹلائٹ میں تکنیکی خرابی کی وجہ سے یہ کمپنی کے کنٹرول سے باہر ہو گیا ہے اور اس کے زمین پر گرنے کا امکان موجود ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق مدار میں موجود اسٹار لنک سیٹلائٹس میں سے ایک سیٹلائٹ میں مسئلہ پیدا ہوا جس کے نتیجے میں یہ ٹکڑوں میں تقسیم ہو گیا۔ اب یہ ٹوٹے ہوئے ٹکڑے خلا میں تیر رہے ہیں اور امکان ہے کہ آنے والے ہفتوں میں کچھ ٹکڑے زمین پر بھی گر سکتے ہیں۔
اسپیس ایکس نے صارفین اور متعلقہ حکام کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے، تاہم ابھی تک کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ اس صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور مستقبل میں ایسے واقعات سے بچاؤ کے لیے حفاظتی اقدامات کو مزید بہتر کرے گی۔
