لبنان پراسرائیلی ڈرون حملہ،حزب اللہ کمانڈر ساتھی سمیت شہید
اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں ڈرون حملہ کرتے ہوئے حزب اللہ کے لاجسٹک یونٹ کے سربراہ عباس حسن کرکی کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں وہ اپنے ایک ساتھی سمیت شہید ہوگئے۔
عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق حملہ لبنان کے جنوبی علاقے نباتیہ کے قریب تول نامی قصبے میں کیا گیا۔ اسرائیلی فوج کے مطابق ڈرون نے اس وقت حملہ کیا جب حزب اللہ کمانڈر عباس حسن کرکی اپنی گاڑی میں سفر کر رہے تھے۔
حملے میں گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی جبکہ دونوں افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ عباس حسن کرکی حزب اللہ کے جنوبی محاذ کے لاجسٹک یونٹ کے سربراہ تھے اور وہ اسلحے کی ترسیل اور ذخیرہ کرنے کے انتظامات کے ذمہ دار تھے۔
فوجی بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ سرگرمیاں اسرائیل اور لبنان کے درمیان ہونے والے غیر رسمی معاہدے کی خلاف ورزی تھیں۔
دوسری جانب حزب اللہ کی جانب سے تاحال اس حملے یا اپنے کمانڈر کی شہادت کی باضابطہ تصدیق یا ردِعمل سامنے نہیں آیا۔
سوشل میڈیا پر واقعے کی مبینہ ویڈیو گردش کر رہی ہے جس میں دھماکے کے بعد گاڑی کو آگ کی لپیٹ میں دیکھا جا سکتا ہے، تاہم ان مناظر کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔
