بٹ کوائن کی قیمت 1 لاکھ 25 ہزار ڈالر سے تجاوز کر گئی
ڈیجیٹل کرنسی بٹ کوائن کی قدر اس کی 17 سالہ تاریخ میں پہلی بار 1 لاکھ 25 ہزار 245 امریکی ڈالر تک پہنچ گئی ہے، جو کہ تاریخ کی بلند ترین سطح ہے۔ پاکستانی روپے میں یہ رقم تقریباً 3 کروڑ 52 لاکھ 31 ہزار 578 روپے بنتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق اتوار کے روز بٹ کوائن کی قیمت میں 2.7 فیصد اضافہ ہوا، اور یہ اضافہ مسلسل آٹھویں سیشن میں ریکارڈ کیا گیا۔ امریکی اسٹاک مارکیٹ میں حالیہ بہتری اور بٹ کوائن پر مبنی ایکسچینج ٹریڈڈ فنڈز میں بڑھتی ہوئی سرمایہ کاری نے اس رجحان کو سہارا دیا۔
سال 2025 میں اب تک بٹ کوائن کی قیمت میں 30 فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے دوران اس کی قدر میں تیزی کے ساتھ کمی و بیشی بھی دیکھی گئی ہے۔
واضح رہے کہ بٹ کوائن ایک کرپٹو کرنسی ہے، یعنی ڈیجیٹل کرنسی ہے، جسے کسی مرکزی مالی ادارے کے ذریعے کنٹرول نہیں کیا جاتا۔
