پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی حکام کی جانب سے نیا نوٹم جاری-پاکستان نے بھارت کے لیے فضائی حدود کی بندش میں ایک ماہ کی مزید توسیع کردی
اسلام آباد: پاکستان نے بھارتی طیاروں کے لیے اپنی فضائی حدود کی بندش میں ایک بار پھر توسیع کردی ہے اور اس حوالے سے نیا نوٹم (NOTAM) جاری کر دیا گیا ہے۔
پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی کے مطابق بھارتی رجسٹرڈ طیارے، چاہے وہ بھارتی ایئرلائنز یا آپریٹرز کی ملکیت ہوں، ان کے زیرِ انتظام چل رہے ہوں یا لیز پر لیے گئے ہوں، پاکستانی فضائی حدود استعمال نہیں کر سکیں گے۔ اس پابندی کا اطلاق فوجی پروازوں پر بھی ہوگا۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بتایا کہ یہ پابندی 19 ستمبر 2025 کو دوپہر 1 بجے سے نافذ ہوگی اور 24 اکتوبر 2025 کو صبح 4 بجکر 59 منٹ پر ختم ہوگی۔ پابندی زمین سے غیر محدود اونچائی تک مؤثر رہے گی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی پاکستان نے بھارتی طیاروں کے لیے فضائی حدود بندش کی مدت میں 23 ستمبر تک توسیع کی تھی۔ پاک بھارت کشیدگی کے باعث 23 اپریل 2025 سے بھارتی پروازوں پر فضائی پابندی عائد ہے اور یہ پانچواں مہینہ ہے جب پاکستان نے اس بندش کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
