ایشیا کپ ،افغانستان نےہانگ کانگ کو 94 رنز سے شکست دیدی
ابوظبی: ایشیا کپ 2025 کے افتتاحی میچ میں افغانستان نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے ہانگ کانگ کو 94 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے دی۔
گروپ بی کے اس مقابلے میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 188 رنز بنائے۔ اوپنر صدیق اللہ اٹل نے 52 گیندوں پر ناقابلِ شکست 73 رنز اسکور کیے، جبکہ عظمت اللّٰہ عمرزئی نے صرف 21 گیندوں پر 53 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی۔ محمد نبی نے بھی 33 رنز کی اہم باری کھیلی۔
ہدف کے تعاقب میں ہانگ کانگ کی ٹیم افغان بولرز کے سامنے بے بس دکھائی دی۔ صرف بابر حیات 39 رنز کے ساتھ مزاحمت کر سکے جبکہ کوئی اور بیٹر دوہرے ہندسے تک نہ پہنچ سکا۔ پوری ٹیم 20 اوورز میں 94 رنز تک محدود رہی۔
افغانستان کی جانب سے گلبدین نائب اور فضل الحق فاروقی نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ عمرزئی، راشد خان اور نور احمد نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس کامیابی کے ساتھ افغانستان نے نہ صرف دو قیمتی پوائنٹس حاصل کیے بلکہ یہ بھی واضح کر دیا کہ وہ ایشیا کپ 2025 میں ایک مضبوط دعوے دار ہیں۔
