احمد آباد میں طیارہ حادثہ،تمام مسافر ہلاک
بھارتی شہر احمد آباد میں مسافر بردار طیارہ گر کر تباہ ہو گیا ، جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام 242 افراد ہلاک ہو گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست گجرات کے شہر احمد آباد ائیرپورٹ کے قریب مسافر طیارہ ڈاکٹروں کے ہاسٹل پر گر گیا ، طیارے میں عملے کے 12 ارکان سمیت 242 مسافر سوار تھے۔
ائیر انڈیا کا طیارہ احمد آباد ائیرپورٹ سے لندن جا رہا تھا کہ ٹیک آف کرنے کے بعد شہری علاقے میں گر گیا ، طیارے گرنے کے بعد دھوئیں کے بادل چھا گئے۔
فلائٹ ریڈار کے مطابق اڑان بھرنےکے بعد ایک منٹ سے بھی کم وقت میں625 فٹ کی بلندی پر طیارے سے رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست گجرات کے سابق وزیر اعلیٰ وجے روپانی بھی طیارے میں سوار تھے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی احمد آباد کے لیے روانہ ہو گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق طیارے میں 169 بھارتی، 53 برطانوی، 7 پرتگالی اور ایک کینیڈین شہری سوار تھا، برطانوی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارتی حکام سے مکمل رابطے میں ہیں۔
