ملتان سلطانزپی ایس ایل 10 کے پلے آف سے باہر
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے جیمز ونس کی بہترین بلے بازی کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 204 رنز بنائے۔
ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کی بیٹنگ لائن ایک بار پھر ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم 17 ویں اوورز میں 117 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی۔
کراچی کنگز کے کپتان ڈیوڈ وارنر نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، وارنر اور ٹم سیفرٹ نے ٹیم کو 53 رنز کا جارحانہ آغاز فراہم کیا تاہم ٹم سیفرٹ 22 رنز بنانے کے بعد عبید شاہ کا شکار بنے۔
اگلے ہی اوور میں ڈیوڈ وارنر 30 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹے جس کے بعد آنے والے عمیر یوسف صرف ایک رن کے مہمان ثابت ہوئے۔
اس کے بعد چوتھی وکٹ پر جیمز ونس نے عرفان خان نیازی کے ساتھ مل کر 78 رنز کی اہم شراکت قائم کی، جس کے بعد عرفان 40 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔
جیمز ونس کیریز پر ڈٹے رہے اور اپنی نصف سینچری مکمل کی وہ 45 گیندوں پر 65 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، ان کی اننگز میں 2 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے جبکہ خوشدل شاہ نے 13 گیندوں پر 33 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی اور وہ بھی ناٹ آؤٹ رہے۔
ملتان سلطانز کی جانب سے عبید شاہ نے 2، ڈیوڈ ویلے اور کرٹس کیمفر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
