ٹی20 ورلڈکپ،آئرلینڈ کو 8 وکٹوں سے شکست
ٹی20 ورلڈکپ،آئرلینڈ کو 8 وکٹوں سے شکست
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 کے آٹھویں میچ میں بھارت نے آئرلینڈ کو 8 وکٹوں سے ہرادیا۔ بھارتی ٹیم نے 97 رنز کا ہدف 13ویں اوور میں حاصل کرلیا۔
نیویارک میں کھیلے جانے والے اس میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر آئرلینڈ کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔
بھارتی بولرز نے کنڈیشنز کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے آئرش بیٹنگ لائن کو قدم جمانے ہی نہ دیا اور ابتدا سے ہی وقفے وقفے سے وکٹیں لینے کا سلسلہ شروع کردیا۔
آئرلینڈ کے ابتدائی 8 کھلاڑی 50 رنز پر آؤٹ ہوگئے۔ تاہم 9ویں وکٹ پر گریتھ ڈیلانے اور جوش لٹل کی 27 رنز کی پارٹنر شپ نے آئرش ٹیم کو 77 کے اسکور تک پہنچا دیا۔
آخری وکٹ پر گریتھ ڈیلانے نے ٹیل اینڈرز کے ساتھ مزید 19 رنز جوڑ کر ٹیم کو 97 رنز تک پہنایا جہاں آخری کھلاڑی رن آؤٹ ہوا۔
آئرلینڈ کی جانب سے گریتھ ڈیلانےنے 26 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ کرٹس کیمفر نے 12 اور لورکن ٹکر نے 10 رنز بنائے جبکہ انکے علاوہ کوئی کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکا۔
بھارت کی جانب سے ہاردیک پانڈیا نے 3 وکٹیں لیں۔ ارشدیپ سنگھ اور جسپریت بومرا نے دو دو جبکہ اکشر پٹیل اور محمد سراج نے ایک ایک آؤٹ کیا۔
ہدف کے تعاقب میں بھارت کے ویرات کوہلی ایک رن کے مہمان ٹھہرے لیکن روہیت شرما نے 52 رنز کی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو فتح کے قریب کیا۔
دوسری وکٹ پر روہیت شرما اور ریشبھ پنت کے درمیان 54 رنز کی شراکت بنی، اور 76 کے مجموعے پر روہیت شرما ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے
بھارت کی دوسری وکٹ سوریا کمار یادیو کی صورت میں گری، وہ صرف 2 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔