دریائے استور میں ڈوب کر جاں بحق ہونے والے بیروٹ کے نوجوان عماد نواز عباسی کی لاش ایک ماہ بعد دریا سے مل گئی۔
تفصیلات کے مطابق یونین کونسل بیروٹ ،تحصیل و ضلع ابیٹ آباد کے گاٶں عباسیاں سے تعلق رکھنے والا نوجوان عماد نواز عباسی تقریبا” ایک ماہ قبل استور نالے میں ڈوب کر دریا کی بے رحم موجوں کا شکار ہو گیا تھا، جس کی میت مسلسل تلاش کے باوجود لواحقین کو نہیں مل سکی تھی، تاہم طویل انتظار کے بعد ہفتے کے روز غم سے نڈھال ماں باپ کو اپنے لخت جگر کی میت ملنے کی خبر موصول ہو گئی ہے جس سے کسی حد تک ان کے بے چین دل کو قرار آنے کا امکان ہے، جو ہر لمحے جینے اور مرنے کی کیفیت سے گزر رہے ہیں۔
مرحوم عماد عباسی انتہائی خوش مزاج اور ملنسار طبیعت کا مالک تھا جو گزشتہ ماہ استور گلگت کے مقام پر صبح 9 بجے کے قریب چند دوستوں کے ہمراہ نہانے کی غرض سے گیا تھا کہ پاؤں پھسل جانے پراستور نالے کے قریب گر گیااور دریا میں ڈوب گیا۔
عماد کی زندگی کی دعائیں مانگتے لواحقین اس کی تلاش کیلئے دن رات مصروف رہے،اس دوران ریسکیو اہلکاروں اور غوطہ خوروں کی مدد سے چپہ چپہ چھان مارا گیا اور بالآخر گذشتہ روز عماد کی لاش دریا سے نکال لی گئی جسے آبائی گاؤں عباسیاں میں سپردخاک کیا جائے گا۔
عماد کے ساتھ پیش آنے والے حادثے پر جہاں اس کا خاندان رنجیدہ ہے، وہیں پورا علاقہ سوگ میں ڈوبا ہوا ہے۔
Deadbody of Birote youth Amad Abbasi found a month later,بیروٹ کےنوجوان عمادعباسی کی لاش ایک ماہ بعد دریا سے مل گئی
یہ بھی پڑھیں
