مظفرآباد۔
چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں وکشمیر جسٹس ریٹائرڈ عبدالرشید سلہریا اور سینئر ممبر الیکشن کمیشن راجہ محمد فاروق نیاز نے مختلف پولنگ اسٹیشنز کا دورہ کیا۔ چیف الیکشن کمشنر نے انتظامات اور پولنگ کے عمل کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر سیکرٹری الیکشن کمیشن محمد غضنفر خان اور الیکشن کمشنر بلدیات راجہ راشد محمود بھی ہمراہ تھے۔
چیف الیکشن کمشنر نے سہیلی سرکار گرلز ہائیر سیکنڈری سکول، جامعہ کشمیر چہلہ اور گرلز ہائی سکول گوجرہ میں قائم پولنگ اسٹیشنز کا دورہ کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ عبدالرشید سلہریا نے کہا کہ ووٹرز گھروں سے باہر نکلیں اور پرامن انداز میں اپنا حق رائے دہی استعمال کریں۔ بلدیاتی انتخابات کے لئے پاک فوج بھی سول انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ سیکورٹی کے فرائض انجام دے رہی ہے۔ عوام کا جوش وخروش دیکھ کر امید ہے ٹرن آوٹ بہت اچھا رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ آج آزاد کشمیر کی تاریخ کا اہم ترین دن ہے۔ شہری ضابطہ اخلاق کی پابندی کریں اور پولنگ عملے کے ساتھ تعاون کریں۔
