وزیر اعظم آزاد کشمیر نے بالائی وادی نیلم کے موسمی حالات پر نوٹس لے لیااور انتظامیہ کو الرٹ رہنے کے احکامات جاری کئے۔ وزیراعظم کے احکامات کی روشنی میں کمشنرمظفرآباد ڈویژن ، تمام ڈویژنل محکموں کے ہمراہ ہنگامی طور پر بالائی وادی کے لئے روانہ ہو گئےہیں۔ شدید موسمی حالات پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ندیم احمد جنجوعہ نے کہا کہ وادی نیلم کے بالائی علاقے شدید موسمی حالات کا شکار ہیں۔ درجہ حرارت منفی بیس ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا ہے جس سےدریائے نیلم کئی مقامات پر جم چکا ہے۔ شدید موسمی حالات کے باوجود شاہراہ نیلم کو بحال رکھنے کے لئے مسلسل کوششیں جاری ہیں تاہم شدید کورے کی تہوں کی وجہ سے سڑک کھولنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔محکمہ شاہرات کا عملہ مینول طریقے سے بھی سڑک کی بحالی کیلئے کوشاں ہے۔ ڈپٹی کمشنر کا مزید کہنا تھا کہ شدید موسمی حالات کے دوران عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے بالائی وادی نیلم میں پاک آرمی کے زیر اہتمام طبی سہولیات سمیت دس بیسک ہیلتھ یونٹس، ایک تحصیل ہیڈ کواٹر ہسپتال اور آر ایچ سی کام کر رہے ہیں۔ صحت مراکز میں ادویات اور طبی عملہ بھی موجود ہے۔ اسی طرح تحصیل ہیڈ کواٹر ہسپتال میں گائنا کالوجسٹ سمیت سپشلسٹ ڈاکٹرز موجود ہیں۔
وادی نیلم میں ٹمپریچر منفی بیس ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا
