چکوال میں کلاؤڈ برسٹ،423 ملی میٹر بارش،ڈیم ٹوٹ گیا
خان پور بازار میں موجود دکانوں میں 4 فٹ تک پانی جمع ہوگیا جبکہ چوآسیدن شاہ میں واقع تاریخی کٹاس راج مندر میں بھی بارش کا پانی داخل ہوگیا۔
ریسکیو ترجمان کے مطابق چوآسیدن شاہ شہر سے گزرنے والا برساتی نالہ بپھر گیا اور پانی قریب آبادیوں میں داخل ہوگیا جس کے بعد امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:۔ نالہ لئی کے اطراف خطرے کے سائرن بجا دئیے گئے
ضلع بھر میں قائم درجنوں چھوٹے ڈیموں کا پانی اوور فلو ہونے کے بعد سیلابی ریلے کی صورت میں بہنے لگا جس سے قریبی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی جبکہ برساتی نالوں میں بھی شدید طغیانی آگئی۔
یہ بھی پڑھیں:۔اسلام آباد،راولپنڈی،جہلم،چکوال میں بارش سے تباہی
بارش کے باعث چھوٹا ڈیم ٹوٹ گیا جس سے پانی قریبی آبادی میں داخل ہوگیا، موجودہ صورتحال کے پیش نظر دوسرے اضلاع سے ریسکیو ٹیموں کو بلایا گیا ہے۔
علاوہ ازیں تکیہ شاہ مراد میں آبی ریلے کے باعث خان پور ڈھوک ٹاہلیاں روڈ اکھڑ گیا جو کہ حال ہی میں تعمیر کیا گیا تھا۔
