عمران خان نے اپنے بچوں کو پاکستان آنے سے روک دیا
بانیٔ پی ٹی آئی نے ہدایت کر دی ہے کہ قاسم اور سلیمان پاکستان نہیں آئیں گے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بانیٔ پی ٹی آئی کی ہمشیرہ نے بتایا تھا کہ بانیٔ پی ٹی آئی کے دونوں صاحبزادے قاسم اور سلیمان پاکستان آئیں گے۔
اس حوالے سے عمران خان کی بہن علیمہ خان، پارٹی رہنما سلمان اکرم راجہ اور بیرسٹر علی ظفر نے سلیمان اور قاسم کے پاکستان آنے کی تصدیق کی تھی۔
یہ بھی پڑھیں:۔لاپتہ افراد کی آڑ میں دہشت گردی کے شواہد منظرعام پر آگئے
علیمہ خان نے کہا تھا کہ بانی نے کہا ہے کہ سلیمان اور قاسم میری اولاد ہیں، باپ کے لیے آواز اٹھائیں تو ان کا حق ہے۔
سینیٹ میں پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے پارلیمانی لیڈر بیرسٹر علی ظفر نے کہا تھا کہ بانیٔ پی ٹی آئی کے صاحبزادے قاسم اور سلیمان کے پاکستان آنے کا مقصد اپنے والد سے ملنا ہے، وہ جلوس کی صورت میں اڈیالہ جیل نہیں جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں:۔مدرسے میں طالبعلم کی ہلاکت،مرکزی ملزم بیٹے سمیت گرفتار
وزیرِاعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا تھا کہ سیاسی انتقام سے دنیا میں پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچ رہا ہے‘بانی پی ٹی آئی عمران خان کے بیٹے پاکستان آئیں گے، ان کی گرفتاری کی بات کرنا انتہائی کم ظرفی ہے۔
اس حوالے سے وفاقی وزیرِ اطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ نے اپنے ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ بانیٔ پی ٹی آئی کے بیٹے ضرور پاکستان آئیں، خوش آمدید کہیں گے، بانیٔ پی ٹی آئی کے بیٹوں کا تحریک چلانا حق ہے، وہ جہاں جائیں یہ بتائیں کہ ان کے والد کو میگا کرپشن کیس میں سزا ہوئی ہے اور بانیٔ پی ٹی آئی 190 ملین پاؤنڈ کرپشن کیس میں اپنے دفاع میں کوئی ثبوت پیش نہیں کر سکے۔
