ایبٹ آباد سرکل بکوٹ یونین کونسل بیروٹ سے تعلق رکھنے والی ہونہار بیٹی حفصہ وقار عباسی نے سول سروس اکیڈمی لاہور میں پہلی پوزیشن لے کر ایک اور سنگ میل عبور کر لیا۔
حفصہ وقار نے 135 امیدواروں میں پہلی پوزیشن لے کر خطہ کوہسار اور اپنے خاندان کا نام روشن کیا۔
واضح رہے کہ قبل ازیں کہو شرقی یو سی بیروٹ سے تعلق رکھنے والی حفصہ وقار بنت وقار عباسی نے سی ایس ایس کے امتحان میں 17ویں پوزیشن حاصل کر کے پاکستان پوسٹل گروپ میں شمولیت اختیار کر لی تھی۔ سی ایس ایس سپیشل ایگزام 2023 میں کل 15600 امیدوار شریک ہوئے تھے۔ جن میں سے صرف پانچ سو انیس نے تحریری امتحان میں کامیابی حاصل کی۔ جبکہ انٹرویو کا مرحلہ کامیابی سے سر کرنے والے صرف ایک سو انیس امیدوار تھے۔ ان ایک سو انیس میں حفصہ وقار عباسی 17ویں نمبر پر آئیں۔
حفصہ عباسی نے تعلیمی میدان میں ہمیشہ غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ میٹرک میں راولپنڈی بورڈ میں چھٹی پوزیشن حاصل کی۔ جب کہ ایف ایس سی پنجاب کالج سے اور الیکٹریکل انجینیرنگ کی ڈگری یو ای ٹی پشاور سے حاصل کی۔
علاقے کے نوجوانوں ، خصوصا خواتین، کے لیے حفصہ عباسی ایک رول ماڈل کی حیثیت رکھتی ہیں۔ ان کے والد وقار عباسی درس و تدریس سے منسلک رہے ہیں اور ان کا شمار علاقے کی معروف علمی شخصیات میں ہوتا ہے۔
حفصہ کے بہن بھائی بھی تعلیمی میدان میں امتیازی پوزیشن حاصل کرتے رہے ہیں۔ بڑی بہن نے ایم ایس سی فزکس کیا اور تدریس کے شعبے سے وابستہ ہیں۔۔ حفصہ سے چھوٹی بہن نے قائد اعظم یونیورسٹی سے بی ایس نفسیات میں گولڈ میڈل حاصل کیا اور اب ایم ایس کر رہی ہیں۔ جب کہ ان کے بھائی سعد بن وقار نے میٹرک میں سرکل بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کی تھی۔ ایف ایس سی میں گورڈن کالج راولپنڈی میں پہلی پوزیشن حاصل کی تھی۔ یو ای ٹی ٹیکسلا سے الیکٹریکل انجینیرنگ میں گریجویشن کی تھی اور انجنیئر کے طور قطر میں برسر ملازمت ہیں۔
