پنجاب آرٹس کونسل ادبی، اصلاحی اور فلاحی سرگرمیوں کا اہم مرکز بن چکی ہے، جہاں اہل قلم اور ادب دوست شخصیات کی ایک پروقار ادبی پیٹھک کا انعقاد کیا گیا۔ اس بامقصد نشست میں شہر کی ممتاز علمی و ادبی شخصیات نے شرکت کی اور ادب کی ترویج و ترقی پر سیر حاصل گفتگو کی۔
تقریب میں بزرگ ادبی شخصیت مرزا آصف بیگ، پروفیسر اسلم کھوکھر، امجد بٹ اور شکیلہ صابر سمیت دیگر اہل قلم شریک ہوئے۔ آرٹس کونسل انتظامیہ کی جانب سے انعم خالد، محمد اشرف میکن اور مہوش گلفراز نے معزز مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا اور ادبی سرگرمیوں کے تسلسل کو خوش آئند قرار دیا۔
شرکاء نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ادبی سرگرمیاں معاشرے میں مثبت سوچ اور تعمیری رجحانات کو فروغ دیتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ادب ایک عظیم نعمتِ خداوندی ہے جو انسان کو شعور، برداشت اور محبت کا درس دیتا ہے۔ ادب سے وابستہ افراد دراصل کتابوں اور تہذیبی ورثے کے محافظ ہوتے ہیں، جو نئی نسل کو فکری رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔
تقریب کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ مری میں ادبی محافل اور فکری نشستوں کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا تاکہ معاشرے میں علم و ادب کی شمع روشن رہے۔ معززین شہر میں مرزا سہیل بیگ، سہراب عباسی، ناصر عباسی، زاہد اسماعیل، ندیم شوکت، تحسین عباسی، فرخ لطیف، حسنین ابرار ، اے حمِید ، شاہد حُسین عباسی اور دیگر شامل تھے۔
امجد بٹ ۔۔ مری
