مری: نواحی علاقے اوسیاہ ملکوٹ چوک کے قریب لنک روڈ پر کار کی بریک فیل ہونے سے افسوسناک حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں تین خواتین جاں بحق جبکہ تین افراد زخمی ہوگئے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق حادثہ بریک فیل ہونے کے باعث پیش آیا۔ اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ٹی ایچ کیو ہسپتال مری منتقل کر دیا گیا۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں مجموعی طور پر چھ افراد متاثر ہوئے، جن میں سے تین خواتین موقع پر ہی دم توڑ گئیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں 25 سالہ حبیبہ بی بی، 50 سالہ نسیم بی بی اور 50 سالہ فہیمہ بی بی شامل ہیں۔
زخمیوں میں 5 سالہ مروا، 36 سالہ عدنان اور 26 سالہ وقار النساء شامل ہیں جبکہ ڈرائیور کو معمولی چوٹیں آئیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق خواتین کا تعلق گلیات کے علاقوں ملکوٹ نوگال اور ریالہ سے ہے۔ امدادی کارروائیاں مکمل کر کے لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے واقعے کی مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
