اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی راہ ہموار- وفاقی حکومت نے لوکل گورنمنٹ ترمیمی آرڈیننس کے اجراء کا فیصلہ کیا اور سمری صدر مملکت کو ارسال کر دی
اسلام آباد: بلدیاتی انتخابات ملتوی، ترمیمی آرڈیننس صدر مملکت کو بھیج دیا گیا
اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی راہ ہموار ہو گئی ہے، وفاقی حکومت نے لوکل گورنمنٹ ترمیمی آرڈیننس کے اجراء کا فیصلہ کیا اور سمری صدر مملکت کو ارسال کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق صدر مملکت کے دستخط کے بعد آرڈیننس باضابطہ طور پر جاری کر دیا جائے گا۔ مجوزہ آرڈیننس کے مطابق اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے لیے پنجاب کے ماڈل کو اپنایا جائے گا۔ اس کے تحت اسلام آباد کے تین قومی اسمبلی حلقوں پر تین ٹاؤن کارپوریشنز بنائی جائیں گی، ہر ٹاؤن کارپوریشن کا ایک میئر اور دو ڈپٹی میئرز ہوں گے۔
آرڈیننس کے ذریعے سی ڈی اے کے کچھ اختیارات ٹاؤن کارپوریشنز کو منتقل کیے جائیں گے تاکہ مقامی بلدیات کو بااختیار بنایا جا سکے۔ وفاقی کابینہ نے اس ترمیمی آرڈیننس کی منظوری پہلے ہی دے دی تھی۔
