راولپنڈی میں چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے انڈر 19 ایشیا کپ جیتنے والی پاکستانی ٹیم نے ملاقات کی۔ اس موقع پر فیلڈ مارشل نے نوجوان کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی پر انہیں گرمجوشی سے مبارکباد دی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کے مطابق جی ایچ کیو راولپنڈی میں ہونے والی ملاقات میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ٹیم کے کھلاڑیوں، کوچنگ اسٹاف اور مینجمنٹ کی محنت کو سراہا اور کہا کہ یہ کامیابی پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ انڈر 19 ٹیم کی جیت پاکستان کے نوجوانوں کی صلاحیت، عزم اور ٹیلنٹ کی عکاس ہے۔ انہوں نے ٹیم کے نظم و ضبط، باہمی تعاون اور جرات مندانہ کھیل کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہی اوصاف مستقبل کی کامیابیوں کی بنیاد بنتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان پاکستان کا قیمتی سرمایہ ہیں اور ان کی مثبت سوچ، کردار اور محنت ملک کی ترقی اور عالمی سطح پر تشخص مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ اس حوالے سے انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ دیانت داری، لگن اور نظم و ضبط کے ساتھ آگے بڑھتے رہیں۔
ملاقات کے دوران انڈر 19 ٹیم کے کھلاڑیوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کی حوصلہ افزائی اور سرپرستی ان کے لیے اعزاز اور مزید بہتر کارکردگی کا ذریعہ ہے۔
