ایبٹ آباد ،ایبٹ آباد کے معروف سیاحتی مقام ایوبیہ میں پائپ لائن توحید آباد کے جنگلات میں نامعلوم وجوہات کے باعث شدید آگ بھڑک اٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے وسیع رقبے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ کی شدت کے باعث قیمتی درخت، نایاب جڑی بوٹیاں اور جنگلی حیات کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور آگ پر قابو پانے کی کوششوں میں مصروف ہیں، تاہم دشوار گزار اور پہاڑی علاقہ ہونے کے باعث فائر فائٹرز کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ آگ تیزی سے پھیلنے کے باعث سیاحتی مقام گلیات کے جنگلات بھی متاثر ہو گئے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد نے صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) سے آگ بجھانے کے لیے دو ہیلی کاپٹرز طلب کر لیے ہیں۔ آگ پر قابو پانے کے لیے مانسہرہ اور ہری پور سے ریسکیو 1122 کی اضافی ٹیمیں بھی طلب کر لی گئی ہیں۔
انتظامیہ کے مطابق آگ بجھانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، جبکہ علاقے کے سیاحوں اور مقامی آبادی کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔ آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔
