اشک آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے ترکمانستان کے دارالحکومت اشک آباد میں انٹرنیشنل ایئر آف پیس اینڈ ٹرسٹ اجلاس کے موقع پر ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی۔ ملاقات نہایت گرمجوشی کے ماحول میں ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔
وزیر اعظم آفس کے مطابق ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات، تجارتی تعاون اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ شہباز شریف نے پاکستان ایران جوائنٹ اکنامک کمیشن کے 22 ویں اجلاس کی کامیابی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کو تجارت کے فروغ، سرحدی منڈیوں کو فعال کرنے، باہمی تجارت میں اضافہ کرنے اور سیکیورٹی تعاون کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اسلام آباد–تہران–استنبول ریلوے رابطے کی بحالی کی اہمیت بھی اجاگر کی۔
خطے کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے افغان طالبان انتظامیہ پر زور دینے کی ضرورت پر بات کی، تاکہ افغانستان کی سرزمین سے پاکستان کو درپیش سیکیورٹی چیلنجز خصوصاً دہشت گردی کے مسئلے کا مؤثر حل نکالا جا سکے۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے غزہ میں جاری صورتحال اور امن کی کوششوں پر بھی خیالات کا تبادلہ کیا۔ ایرانی صدر نے بروقت اور اہم تبادلہ خیال پر وزیر اعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ اپنے برادرانہ اور تعاون پر مبنی تعلقات کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے۔
