جی بی،آزاد کشمیر کو این ایف سی فنڈز دیے جائیں:نواز شریف-سابق وزیرِ اعظم اور مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کو بھی این ایف سی ایوارڈ کے تحت فنڈز فراہم کیے جانے چاہئیں۔ انہوں نے یہ مؤقف آزاد کشمیر اور جی بی کے تنظیمی عہدے داروں سے خطاب کرتے ہوئے پیش کیا۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ این ایف سی ایوارڈ کوئی احسان نہیں بلکہ حق ہے، اور دونوں خطوں کو ان کا حق ملنا چاہیے۔ انہوں نے بتایا کہ اس حوالے سے وزیرِ اعظم شہباز شریف سے بات کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ وفاق کبھی کبھار فنڈز دیتا ہے، لیکن وہ درست انداز میں استعمال نہیں ہو پاتے۔ نواز شریف نے پنجاب کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہاں ترقیاتی منصوبے تیزی سے مکمل ہوتے ہیں اور یہی معیار آزاد کشمیر اور جی بی میں بھی دیکھنا چاہتے ہیں۔
ن لیگ کے صدر نے انتخابی ٹکٹوں کے معاملے پر بھی گفتگو کی اور واضح کیا کہ میرٹ پر سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پارٹی کے پرانے اور بااعتماد رہنماؤں کو میرٹ کے مطابق ٹکٹ دیے جائیں۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ بہت سے لوگ ٹکٹ حاصل کرنے کی کوشش کریں گے، لیکن ضروری ہے کہ یہ دیکھا جائے کہ کون واقعی پارٹی کے ساتھ مخلص ہے۔ انہوں نے کہا کہ امیدواروں کی کامیابی کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
خطاب کے دوران انہوں نے امید ظاہر کی کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں رائے عامہ ن لیگ کے حق میں بہتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم سے سفارش کریں گے کہ دونوں خطوں کو بھی این ایف سی ایوارڈ کے مطابق فنڈز دیے جائیں۔
نواز شریف نے دوٹوک مؤقف اختیار کیا کہ پارٹی اصولوں کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی، اور صوبوں میں ہونے والی سرمایہ کاری کے مقابلے میں این ایف سی ایوارڈ کی اہمیت بھی پیچھے رہ جاتی ہے۔
