فیصل واوڈا نے آصف زرداری کو شطرنج کا بڑا کھلاڑی قراردے دیا
آصف زرداری شطرنج کے سب سے بڑے کھلاڑی، 27ویں ترمیم آسانی سے پاس ہوگی: فیصل واوڈا
سابق وفاقی وزیر و سینیٹر فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو کے بیان کا خیرمقدم ہے، ضرورت پڑی تو 28ویں ترمیم بھی لائی جا سکتی ہے۔
سابق وفاقی وزیر اور سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ صدر مملکت آصف زرداری ملکی سیاست کے شطرنج کے سب سے بڑے کھلاڑی ہیں اور 27ویں ترمیم آسانی سے منظور ہو جائے گی۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہا کہ بلاول بھٹو نے 27ویں ترمیم سے متعلق بیان دے کر مثبت اقدام کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی خواہش کے مطابق ترمیم پر چھوٹی موٹی بحث بھی کرائی جائے گی تاکہ تمام سیاسی جماعتوں کے خدشات دور ہوں۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ پاکستان کی کامیابی اور بقا کے لیے 27ویں ترمیم کی ضرورت ہے، اور اگر ضرورت پڑی تو 28ویں ترمیم بھی لائی جا سکتی ہے۔ ان کے مطابق 18ویں ترمیم مکمل نہیں ہوئی ہے، اس میں کچھ ترمیم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی کے معاملات وفاق کے زیر نگرانی ہونے چاہئیں اور پورے ملک میں تعلیم کا ایک متحدہ نظام ہونا چاہیے۔
