دہشتگردوں اور ان کے سہولتکاروں کا خاتمہ کریں گے،فیلڈ مارشل
فیلڈ مارشل اور آرمی چیف سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ امن چاہتا ہے، مگر افغان سرزمین سے پاکستان میں دہشتگردی کے اجراء کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ خیبر پختونخوا اور ملک کے تمام علاقے دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں سے مکمل طور پر پاک کیے جائیں گے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے پشاور کے دورے کے دوران قبائلی عمائدین سے ملاقات کی اور 11 کور ہیڈکوارٹرز میں سیکیورٹی صورتحال، آپریشنل تیاری اور انسدادِ دہشتگردی کی کارروائیوں پر تفصیلی بریفنگ لی۔ قومی سلامتی اور سرحدی استحکام پر تبادلۂ خیال کے بعد آرمی چیف نے قبائلی عوام کی بہادری اور دہشتگردی کے خلاف غیر مشروط تعاون کو سراہا۔
عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان نے افغان حکومت کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کے لیے متعدد سفارتی اور معاشی پیشکشیں کی ہیں، مگر اگر افغان سرزمین سے غیر ریاستی عناصر کی مدد یا دہشتگردانہ کارروائیاں جاری رہیں تو پاکستان اس کا بھرپور جواب دے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض عناصر، جن میں بھارتی حمایت یافتہ گروہیں بھی شامل ہیں، افغان علاقے میں پشت پناہی پا رہی ہیں، اور ایسی سرگرمیوں کی پاکستان اجازت نہیں دے گا۔
قبائلی عمائدین نے آرمی چیف کے دوٹوک موقف کو سراہا اور اعلان کیا کہ فتنہ الخوارج اور اسی نوعیت کی انتہاپسند سوچ کو قبائلی معاشرے میں کوئی جگہ نہیں دی جائے گی۔ عمائدین نے پاکستانی افواج کے ساتھ مکمل یکجہتی اور تعاون کا اعادہ کیا۔
