جنرل ساحر شمشاد کی بنگلادیش کے آرمی چیف سے اہم ملاقات
ڈھاکہ: چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد بنگلادیش کے دورے پر ہیں اور آج انہوں نے بنگلادیش کے آرمی چیف جنرل وقار الزمان سے آرمی ہیڈ کوارٹرز ڈھاکہ میں ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے کے امور پر بات چیت کی گئی۔ عسکری قیادت نے مختلف سطحوں پر وفود کے باقاعدہ تبادلے بڑھانے پر اتفاق کیا۔
اعلامیے کے مطابق، ملاقات میں ابھرتی ہوئی عالمی اور علاقائی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور پاکستان و بنگلادیش کی مسلح افواج کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔ بات چیت میں مشترکہ تربیتی مشقوں اور انسداد دہشت گردی آپریشنز کے تجربات سے استفادے کے امکانات بھی زیر غور آئے۔
اس کے علاوہ، دونوں طرف نے اس بات پر زور دیا کہ متعدد پلیٹ فارمز سے گمراہ کن معلومات اور پروپیگنڈا پھیلانے کی کوششیں ہو رہی ہیں، اور اس صورتحال میں پیدا ہونے والے چیلنجز کا مشترکہ طور پر سامنا کرنے کی ضرورت ہے۔
ملاقات میں یہ بھی نوٹ کیا گیا کہ جعلی معلومات اور پروپیگنڈے کے خطرات کا مؤثر مقابلہ کرنے کے لیے تعاون اور مشترکہ کوششوں کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔
