صدر زرداری نے آزاد کشمیر میں عدم اعتماد کی منظوری دے دی
اسلام آباد: صدر آصف علی زرداری نے آزاد کشمیر میں ان ہاؤس تبدیلی اور تحریکِ عدم اعتماد** کی منظوری دے دی ہے، جس کے بعد پیپلز پارٹی نے خطے میں اپنی حکومت بنانے کا باقاعدہ فیصلہ کر لیا۔
ایوانِ صدر اسلام آباد میں صدر آصف زرداری کی زیر صدارت پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کا اہم اجلاس ہوا، جس میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، چوہدری یاسین، لطیف اکبر، سردار یعقوب اور دیگر ارکان شریک ہوئے۔ اجلاس کے پہلے سیشن کی صدارت بلاول بھٹو زرداری نے کی جبکہ دوسرا سیشن صدر آصف زرداری کی زیر صدارت ہوا۔
اجلاس میں وزیراعظم آزاد کشمیر انوار الحق کو عہدے سے ہٹانے اور نئی حکومت کے قیام کی حکمتِ عملی پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ صدر آصف زرداری نے تحریکِ عدم اعتماد کی منظوری دیتے ہوئے پارٹی قیادت کو حکومت سازی کا اختیار دے دیا۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں چوہدری یاسین نے کہا کہ پارٹی نے حکومت بنانے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے اور نئے وزیراعظم کا فیصلہ پارٹی قیادت کرے گی۔ بلاول بھٹو زرداری پیر کے روز آزاد کشمیر کے نئے وزیراعظم کے نام کا اعلان کریں گے۔
ذرائع کے مطابق وزارتِ عظمیٰ کے لیے چوہدری یاسین، لطیف اکبر اور سردار یعقوب مضبوط امیدوار ہیں۔ پیپلز پارٹی کے ذرائع کا دعویٰ ہے کہ اگر وزیراعظم انوار الحق مستعفی نہ ہوئے تو تحریکِ عدم اعتماد کے لیے ارکان کی تعداد کافی ہے۔
