بلوچستان کی ترقی کیلئے عوامی مفاد پر مبنی منصوبے جاری ہیں
راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں منعقدہ 17ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا فخر ہے، اس صوبے کے عوام باصلاحیت، محب وطن اور باہمت ہیں جو ملک کا حقیقی سرمایہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے سیاسی مفادات سے بالاتر ہو کر قومی جذبے کے ساتھ کام کرنے کی ضرورت ہے۔ ان کے مطابق بلوچستان میں عوامی مفاد پر مبنی ترقیاتی منصوبے جاری ہیں جن کا مقصد صوبے کے سماجی و معاشی ڈھانچے میں بہتری لانا ہے۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں عوامی فلاح و بہبود کے لیے مربوط اقدامات کر رہی ہیں۔ بلوچستان کی معاشی و قدرتی صلاحیتوں کو عوام کے فائدے کے لیے بروئے کار لانا ناگزیر ہے، جب کہ سول سوسائٹی اور نوجوان طبقے کا کردار پائیدار ترقی کے لیے کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کے دشمن عناصر اور بھارت کے حمایت یافتہ گروہ صوبے میں بدامنی اور ترقی مخالف بیانیے کو فروغ دے رہے ہیں۔ فیلڈ مارشل کے مطابق فتنہ الہندستان اور فتنہ الخوارج جیسی سازشوں کا مقصد بلوچستان کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانا ہے، مگر ایسے عناصر کے خلاف فیصلہ کن کارروائیاں جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ریاست بلوچستان کے امن، ترقی اور عوامی خوشحالی کو اولین ترجیح دیتی ہے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان علاقائی امن و استحکام کا خواہاں ہے، تاہم ملکی سالمیت اور خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
ورکشاپ کے اختتام پر شرکا نے بلوچستان میں امن و ترقی کے لیے مسلح افواج کے کردار کو سراہا اور اپنے سوالات فیلڈ مارشل کے سامنے رکھے۔
