سی ٹی ڈی کی کارروائی،فتنہ الہندوستان کے دو دہشت گرد گرفتار
حیدرآباد: کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دو روپوش دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق گرفتار دہشت گردوں کے قبضے سے ٹیرر فائنانسنگ فنڈز کی بھاری رقم اور حملوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ برآمد کیا گیا ہے۔
ترجمان سی ٹی ڈی نے بتایا کہ دونوں دہشت گرد اپریل 2025ء میں جام شورو کے مقام پر سی ٹی ڈی کی موبائل پر فائرنگ کے واقعے میں ملوث تھے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق گرفتار دہشت گرد حیدرآباد اور گردونواح میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ مزید تحقیقات کے لیے دونوں ملزمان کو متعلقہ اداروں کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق یہ کارروائی انسداد دہشت گردی کے جاری آپریشن کا حصہ ہے جس کا مقصد ملک دشمن عناصر کے نیٹ ورکس کو مکمل طور پر ختم کرنا ہے۔
