مشتاق احمداسرائیلی فوج کی حراست میں خیریت سے ہیں:دفتر خارجہ
دفتر خارجہ کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ غزہ کے لیے امدادی قافلے گلوبل صمود فلوٹیلا میں سوار سابق پاکستانی سینیٹر مشتاق احمد خان ابھی بھی اسرائیلی فوج کی حراست میں ہیں، تاہم وہ خیریت سے ہیں۔
ترجمان کے مطابق پاکستان عالمی شراکت داروں کے ساتھ رابطے میں ہے تاکہ قافلے میں سوار پاکستانی شہریوں کی حفاظت اور جلد واپسی کو یقینی بنایا جا سکے۔ دوست یورپی ممالک کے سفارتی ذرائع نے بھی تصدیق کی کہ مشتاق احمد خان محفوظ ہیں۔
دفتر خارجہ کے مطابق مقامی قانونی ضوابط کے تحت مشتاق احمد خان کو عدالت میں پیش کیا جائے گا، اور عدالت کی جانب سے ڈی پورٹیشن آرڈر جاری ہونے کے بعد ان کی واپسی فوری ممکن ہوگی۔ وزارت خارجہ نے پہلے واپس آنے والے پاکستانی شہریوں کی واپسی بھی یقینی بنائی اور تعاون کرنے والے برادر ممالک کا شکریہ ادا کیا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان اپنے تمام شہریوں کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے اور امید ہے کہ تمام شہریوں کی واپسی آئندہ چند دنوں میں مکمل ہو جائے گی۔
