خضدار:سیکیورٹی فورسز کا آپریشن،14 دہشت گرد ہلاک
سیکیورٹی فورسز نے خضدار کے علاقے زہری میں دہشت گرد گروہ "فتنہ الہندوستان” کے خلاف کامیاب آپریشن کیا، جس میں 14 دہشت گرد مارے گئے اور 20 سے زائد زخمی ہوئے۔ فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے تباہ کر دیے اور علاقے کو مکمل طور پر کلیئر کر لیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشت گرد مقامی آبادی کو خوفزدہ کرنے اور علاقے کے امن کو متاثر کرنے کی کوشش کر رہے تھے، تاہم سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے ان کے تمام عزائم ناکام بنا دیے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گرد گروہ "فتنہ الہندوستان” بار بار کی ناکامیوں کے باعث شدید دباؤ اور بوکھلاہٹ کا شکار ہے، جبکہ خضدار کا حالیہ آپریشن ان کے نیٹ ورک کے لیے ایک بڑی ضرب ثابت ہوا ہے۔
کارروائی کے بعد مقامی آبادی نے پاک فوج کی کامیابی پر اطمینان کا اظہار کیا اور سیکیورٹی فورسز کے حق میں نعرے لگائے۔ شہریوں نے کہا کہ پاک فوج کی موجودگی سے علاقے میں امن اور اعتماد کی فضا بحال ہوئی ہے۔
سیکیورٹی فورسز نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور عوام کے تحفظ تک آپریشنز جاری رہیں گے۔
