حماس کو غزہ جنگ بندی معاہدہ قبول کرنے کیلئے اتوار تک مہلت
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کو غزہ جنگ بندی معاہدہ قبول کرنے کے لیے اتوار کی شام 6 بجے تک کی ڈیڈ لائن دے دی ہے۔
ٹرمپ کے مطابق یہ حماس کے لیے معاہدے پر دستخط کرنے کا آخری موقع ہے، جبکہ دیگر ممالک اس معاہدے پر پہلے ہی دستخط کرچکے ہیں۔
امریکی صدر نے خبردار کیا کہ اگر حماس نے معاہدہ نہ کیا تو اسے سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ معاہدہ قبول کرنے کی صورت میں حماس کے جنگجوؤں کی جان بھی بچائی جا سکتی ہے۔
ٹرمپ نے فلسطینی عوام کو بھی تنبیہ کی کہ وہ غزہ شہر خالی کر کے محفوظ مقامات پر منتقل ہوجائیں تاکہ بےگناہ شہری جانی نقصان سے بچ سکیں۔
واضح رہے کہ چند روز قبل امریکی صدر نے اسرائیلی وزیراعظم کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں 20 نکاتی غزہ امن معاہدے کا اعلان کیا تھا جسے بیشتر مسلم اور عرب ممالک کی حمایت بھی حاصل ہے۔
