توشہ خانہ ٹو کیس میں آخری گواہان کے بیانات قلمبند
توشہ خانہ ٹو کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف استغاثہ کے آخری دو گواہان نے عدالت میں بیانات ریکارڈ کرا دیے۔
کیس کی سماعت اڈیالہ جیل میں ہوئی جہاں عمران خان اور بشریٰ بی بی کو عدالت میں پیش کیا گیا۔ استغاثہ کی جانب سے نیب کے تفتیشی افسر محسن ہارون اور ایف آئی اے کے تفتیشی افسر شاہد پرویز نے اپنے بیانات قلمبند کرائے۔
سماعت کے دوران عمران خان کی تینوں بہنیں اور بشریٰ بی بی کی بھابھی مہرالنساء بھی موجود تھیں۔ گواہوں کے بیانات کے بعد عدالت نے کیس کی سماعت 24 ستمبر (بدھ) تک ملتوی کر دی۔
مقدمے میں اب تک مجموعی طور پر 20 گواہوں کے بیانات ریکارڈ کیے جا چکے ہیں جن میں سے 18 پر جرح مکمل ہوچکی ہے۔
یاد رہے کہ اسپیشل کورٹ سینٹرل ون اسلام آباد نے گزشتہ برس توشہ خانہ ٹو کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی پر فردِ جرم عائد کی تھی تاہم دونوں نے صحتِ جرم سے انکار کیا تھا۔ یہ کیس ابتدائی طور پر نیب کے پاس تھا لیکن ترامیم کے بعد اسے ایف آئی اے کے سپرد کر دیا گیا تھا۔
