پاکستان اور بھارت کے درمیان آج بڑا ٹاکرا، شائقین پرجوش
ایشیا کپ 2025 کے سپر فور مرحلے میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت آج دبئی کے میدان میں آمنے سامنے ہوں گے۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات ساڑھے 7 بجے شروع ہوگا۔
اس سے قبل گروپ میچ میں بھارت نے پاکستان کو شکست دی تھی، تاہم گرین شرٹس نے متحدہ عرب امارات اور عمان کو ہرا کر سپر فور میں اپنی جگہ بنائی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اس میچ کے لیے متنازعہ ریفری اینڈی پائی کرافٹ ہی میچ ریفری مقرر کیے گئے ہیں۔ شائقین یہ سوال کر رہے ہیں کہ اگر وہی ریفری ہوں گے تو کیا ٹاس کے موقع پر دونوں کپتان مصافحہ کریں گے اور میچ کے بعد کھلاڑی ایک دوسرے سے ہاتھ ملائیں گے یا نہیں؟ اس کا جواب ٹاس کے وقت ہی سامنے آئے گا۔
واضح رہے کہ سپر فور مرحلے کا آغاز گزشتہ روز سری لنکا اور بنگلہ دیش کے درمیان میچ سے ہوا تھا، جبکہ آج دبئی میں سب کی نظریں پاک بھارت کے اس ہائی وولٹیج ٹاکرے پر لگی ہوئی ہیں۔
