پرتگال کا فلسطین کو ریاست تسلیم کرنے کا اعلان
لزبن/برازیلیا: پرتگال نے باضابطہ طور پر فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ وزارتِ خارجہ کے مطابق 21 ستمبر کو اس اعلان کا باضابطہ طور پر اعلان کیا جائے گا۔
پرتگالی وزیرِ خارجہ نے رواں ہفتے کہا تھا کہ ان کا ملک فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے پر غور کر رہا ہے، تاہم اب اس حوالے سے سرکاری اعلان کر دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ فرانس، برطانیہ، آسٹریلیا، کینیڈا اور بیلجیئم پہلے ہی فلسطین کو ریاست تسلیم کر چکے ہیں جبکہ اس کا باقاعدہ اعلان رواں ماہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں متوقع ہے۔
دوسری جانب برازیل نے اسرائیل کے خلاف عالمی عدالت انصاف (ICJ) سے رجوع کر لیا ہے۔ برازیلی حکومت کا موقف ہے کہ اسرائیل غزہ میں نسل کشی کر رہا ہے، اس لیے برازیل نے نسل کشی کنونشن 1948 کے تحت فریق بننے کی درخواست دی ہے۔
عالمی عدالت کے مطابق برازیل کی یہ مداخلت کنونشن کے آرٹیکل 63 کے تحت ہے، جو کسی بھی رکن ریاست کو اس وقت مداخلت کا حق دیتا ہے جب کسی کنونشن کی تشریح عدالت میں زیر غور ہو۔ برازیل نے اپنی دستاویز میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ عدالت کی جانب سے کنونشن کے آرٹیکل 1، 2 اور 3 کی تشریح اہم قانونی نتائج کی حامل ہوگی۔
عالمی عدالت انصاف نے کہا ہے کہ اس مقدمے میں جو بھی تشریح کی جائے گی وہ برازیل پر بھی اتنی ہی لاگو ہوگی جتنی دیگر فریقین پر۔ عدالت نے جنوبی افریقہ اور اسرائیل کو دعوت دی ہے کہ وہ برازیل کی مداخلت پر آرٹیکل 83 کے تحت تحریری جواب جمع کرائیں۔
