دوحہ اجلاس:شہباز شریف اور سعودی ولی عہد کی اہم ملاقات
قطر کے دارالحکومت دوحہ میں عرب و اسلامی ممالک کے ہنگامی سربراہی اجلاس کے موقع پر وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے اہم ملاقات کی۔ اس موقع پر چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار بھی ان کے ہمراہ تھے۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے اعلیٰ سطحی وفود شریک ہوئے، جس دوران خطے کی صورتحال اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف مشترکہ حکمتِ عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اسرائیلی مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے فلسطینی عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے سعودی عرب کی سلامتی اور خودمختاری کی بھرپور حمایت کا یقین بھی دلایا۔
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے پاکستان کی حمایت کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ وزیراعظم کے متوقع دورۂ ریاض کے منتظر ہیں اور دونوں برادر ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے خواہاں ہیں۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے فلسطینی صدر محمود عباس، امیر قطر شیخ تمیم بن حمد، تاجکستان و مصر کے صدور اور ملائیشیا کے وزیراعظم سمیت کئی رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کیں۔ فلسطینی صدر نے شہباز شریف سے پرتپاک اور گرمجوشی کے ساتھ مصافحہ کیا۔
اجلاس کے دوران او آئی سی کے سیکریٹری جنرل حسین ابراہیم طہٰ نے خطاب میں قطر پر اسرائیلی حملے کی مذمت کرتے ہوئے مسئلہ فلسطین کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے پر زور دیا۔
