راولپنڈی میں بڑی کارروائی، 6 ہزار ٹن گندم برآمد
راولپنڈی انتظامیہ نے روات کے قریب کارروائی کرتے ہوئے 6 ہزار ٹن سے زائد گندم برآمد کرلی جو فیڈ مل میں ذخیرہ کی گئی تھی۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق کارروائی کے دوران فیڈ مل کو سیل کردیا گیا ہے۔ پنجاب حکومت کی جانب سے فیڈ ملز میں گندم کے استعمال پر دفعہ 144 کے تحت پابندی عائد ہے کیونکہ حالیہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر خوراک کی دستیابی کو یقینی بنانا ضروری ہے۔
ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کا کہنا ہے کہ پنجاب بھر کی فیڈ ملز نے مرغیوں کی خوراک کی تیاری کے لیے 1 لاکھ میٹرک ٹن سے زائد گندم ذخیرہ کر رکھی تھی۔ ان کے مطابق صوبے میں حالات معمول پر آنے تک گندم کے ذخیرہ اندوزی اور فیڈ ملز میں اس کے استعمال کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔
