بھوربن گرامر سکول سسٹم میں ” ہفتہ آزادی ” کے سلسلہ میں ملک کی سالمیت و استحکام اور اکابرین تحریک آزادی کے لیے قرآن خوانی اور اجتماعی دعا کا اہتمام کیا گیا۔ بچوں نے قرآن کریم کی تلاوت کی اور اس کے بعد اجتماعی دعا کی گئی۔
بھوربن گرامر سکول سسٹم نے اس سال یوم آزادی کا تھیم "ہم بدلیں گے پاکستان کو ” کو عملی طور پر منانے کا اعلان کیا ہے۔ اس سلسلہ میں 7 اگست سے 14 اگست تک یوم آزادی کے حوالے سے مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ جس کا آغاز ملکی سالمیت و استحکام اور تحریک آزادی کے شہداء کے ایصال ثواب کے لیے قرآن خوانی اور اجتماعی دعا سے ہوا۔

دیگر سرگرمیوں میں شجرکاری، تقریب پرچم کشائی، جشن آزادی کے حوالے سے کلاسز اور سکول کی تزئین و آرائش، مقابلہ پینٹنگ اور سکیچنگ، مقابلہ مضمون نویسی شامل ہیں۔
بھوربن گرامر سکول سسٹم کے ڈائریکٹر راحیل انار عباسی کا کہنا تھا کہ بھوربن گرامر سکول بچوں کی عملی تربیت پر یقین رکھتا ہے اور اسی سلسلہ کی ایک کڑی یوم آزادی کے حوالے سے ایسی عملی سرگرمیوں کا انعقاد کرنا ہے جن سے بچوں کا جذبہ حب الوطنی مزید بڑھے اور وہ اپنے ملک کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کریں۔
