آپریشن سندور پر بھارتی رہنماؤں کے اشتعال انگیز دعوے مسترد
پاکستان آپریشن سندور پر ہندوستانی رہنماؤں کے بے بنیاد اور اشتعال انگیز بیانات کو مسترد کرتا ہے، اس طرح کے بیانات تنازعات کو بڑھاوا دینے کے خطرناک رجحان کی عکاسی کرتے ہیں۔
دفتر خارجہ کے مطابق بھارت نے پہلگام حملے کی تحقیقات اور ثبوتوں کے بغیر پاکستان پر حملہ کیا، 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب بھارت نے پاکستان میں حملہ کیا، بھارتی حملے سے بے گناہ بچے، خواتین اور مرد شہید ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں:۔ امریکا نے بھارت پر 25 فیصد ٹیکس ٹھوک دیا
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے بھارتی لڑاکا طیاروں اور فوجی اہداف کو بے اثر کرنے میں شاندار کامیابی حاصل کی، پاکستان کی کامیابی ایک ناقابل تردید حقیقت ہے، بھارتی عوام کو گمراہ کرنے کے بجائے لیڈرز اپنی مسلح افواج کے نقصانات کو تسلیم کریں۔
یہ بھی پڑھیں:۔ برطانیہ کا فلسطین کو ریاست تسلیم کرنے کا مشروط اعلان
دفتر خارجہ کے مطابق بھارت جنگ بندی کو عملی جامہ پہنانے میں تیسرے فریق کا کردار قبول کرے، وزیر اعظم پاکستان نے ہندوستان کو پہلگام حملے کی تحقیقات کی پیشکش کی، بھارت نے وزیراعظم پاکستان کی انکوائری کی پیشکش سے فائدہ نہیں اٹھایا۔
یہ بھی پڑھیں:۔روس،8.7 شدت کا طاقتور زلزلہ
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت نے بیک وقت جج، جیوری اور جلاد کے طور پر کام کیا، نام نہاد آپریشن مہادیو سے متعلق کوئی بھی دعویٰ ہمارے لیے کوئی اہمیت نہیں رکھتا۔
دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی وزیر داخلہ کی طرف سے دیا گیا اکاؤنٹ من گھڑت ہے، کیا یہ محض اتفاق ہے کہ پہلگام حملے کے مبینہ مجرم لوک سبھا کی بحث کے آغاز پر ہی مارے گئے؟ پاکستان مستقبل کی کسی بھی جارحیت کا زبردست مقابلہ کرے گا۔
