ایران کا صبح سویرے بڑا حملہ،100 میزائل پھر داغ دیے
تہران: (دنیا نیوز) ایران نے اسرائیل پر ایک اور بڑا حملہ کر دیا، 100 کے قریب بیلسٹک میزائل داغ دیے، وسطی اسرائیل میں بجلی بند ہو گئی، حیفہ اندھیرے میں ڈوب گیا، تازہ حملے میں کم از کم 7 اسرائیلی ہلاک اور 29 زخمی ہو گئے۔
اسرائیل کے متعدد شہر دھماکوں سے گونج اٹھے، مقبوضہ بیت المقدس میں بھی میزائل گرے، اسرائیل کا شہر حیفہ دھماکوں سے گونج اٹھا، حیفہ پاور پلانٹ میں ایرانی میزائل حملے کے بعد آگ بھڑک اٹھی، ایران نے ایلات پر بھی میزائل داغے، تل ابیب میں بھی درجنوں میزائل داغے گئے۔
ایرانی فوج نے کہا ہے کہ اسرائیل کا کوئی کونا رہنے کے قابل نہیں چھوڑیں گے، اسرائیلی آبادکار مقبوضہ علاقے فوری خالی کردیں۔
اسرائیل نے ایران پر تازہ حملے کئے جس کے بعد ایران نے بھی بھرپور جوابی وار کئے، اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ وسطی ایران میں میزائل سائٹس پر حملے کررہے ہیں، ایران نے بھی بھر پور جوابی وار کرتے ہوئے اسرائیل کے متعدد مقامات پر تازہ حملے کئے، حیفہ میں ایرانی میزائل حملے سے متعدد عمارتیں زمین بوس ہوگئیں۔
اسرائیل نے ایرانی وزارت داخلہ اور تہران کے اہم اضلاع پر میزائل حملے کئے ، دو بڑے اسرائیلی پروجیکٹائل نے تہران کے وسطی علاقے کو نشانہ بنایا، جس سے مین واٹر پائپ لائن کو شدید نقصان پہنچا۔
