وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں چترال سے تعلق رکھنے والی معروف سوشل میڈیا انفلوئنسر اور ٹک ٹاکر ثنا یوسف کو اُن کے گھر میں گھس کر فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔
واقعہ پیر کے روز کسلم آباد کے تھانہ سمبل کی حدود میں واقع سیکٹر جی 13 میں پیش آیا، جہاں نامعلوم حملہ آور نے گھر میں داخل ہو کر ان پر دو گولیاں چلائیں اور فرار ہو گیا۔
پولیس کے مطابق مقتولہ کا تعلق اپر چترال کے علاقے چوئنج مستوج سے تھا اور وہ مشہور سماجی کارکن یوسف حسن کی صاحبزادی تھیں۔ ثنا یوسف نے کم عمری میں ہی بطور کانٹنٹ کریئٹر شہرت حاصل کی، اور انسٹاگرام پر ان کے فالوورز کی تعداد ساڑھے چار لاکھ سے تجاوز کر چکی تھی۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ واقعے کے روز ہی مقتولہ کی سالگرہ تھی، اور انہوں نے چند گھنٹے قبل اپنی سالگرہ کی ویڈیو بھی انسٹاگرام پر شیئر کی تھی۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ ثنا یوسف کو ایک ایسے شخص نے قتل کیا جو مہمان بن کر ان کے گھر آیا تھا، جس سے شبہ ظاہر ہوتا ہے کہ مقتولہ قاتل کو جانتی تھی۔ تھانہ سنبل کے ایس ایچ او ملک آصف کے مطابق قاتل کا رویہ بظاہر واقف کاروں جیسا تھا اور پولیس اس واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش کر رہی ہے۔
مقتولہ کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے پمز اسپتال منتقل کیا گیا، اسلام آباد پولیس کے ترجمان کے مطابق ایف آئی آر درج کرنے کی کارروائی جاری ہے، اور واقعے کی مزید تفصیلات جلد میڈیا سے شیئر کی جائیں گی۔
وضع رہے کہ ثنا یوسف نے اپنے قتل سے کچھ دیر پہلے ٹک ٹاک پر اپنی سالگرہ کی ویڈیو پوسٹ کی تھی۔ مذکورہ ویڈیو میں دیکھاجا سکتا ہے کہ وہ اپنی سہیلیوں کے ساتھ سالگرہ کا کیک کاٹ رہی ہیں۔سوشل میڈیا پر دعوے کیے جا رہے ہیں کہ یہ ان کی 17 ویں سالگرہ تھی، لیکن اس حوالے سے تصدیق نہیں ہوسکی۔
ادھر ڈیلی پاکستان آن لائن کے مطابق ثنا یوسف کو مبینہ طور پر ان کے کزن نے فائرنگ کر کے قتل کیا۔ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب ان کے گھر مہمان موجود تھے، اور اسی دوران ملزم نے فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں ثنا یوسف کو دو گولیاں لگیں اور وہ شدید زخمی ہو گئیں۔زخمی حالت میں پہلے انہیں کے آر ایل ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم حالت نازک ہونے کی وجہ سے بعد ازاں شفا انٹرنیشنل ہسپتال لے جایا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئیں۔
