مسلم لیگ نون کے رکن قومی اسمبلی راجہ اسامہ سرور نے کہا ہے کہ جھیکا گلی بازار مری کی پہچان ہے، اسے مسمار کرنے دیں گے، نہ یہ شناخت ختم کرنے دیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مری کے تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ نون تاجروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ مری میں کسی کو ایڈونچر نہیں کرنے دیں گے اور نہ کسی کو بے روزگار کرنے کی اجازت دی جائے گی۔
دریں اثنااسامہ سرور کی سربراہی میں تاجروں کے وفد نے ڈپٹی کمشنر سے ملاقات کی اور جھیکا گلی مری کے حوالے سے معاملات پر تاجروں کے موقف سے آگاہ کیا۔
وفد میں صدر انجمن تاجران مری راجہ طفیل اخلاق، ہمایوں مرتضیٰ عباسی اور دیگر شامل تھے۔ وفد کی قیادت کرتے ہوئے اسامہ سرور نے واضح کیا کہ انتظامیہ تاجروں کو تنگ کرنے سے باز آ جائے۔ ہم کسی قسم کے تشدد یا توڑ پھوڑ کی حمایت نہیں کرتے۔ مری کے لوگ پرامن ہیں، لیکن اگر تاجروں کو بے روزگار کرنے کی کوشش کی گئی تو اس کے خلاف ہر ممکن حد تک جائیں گے۔
