آخری کشمیری تک آزادی کی شمع روشن رہےگی۔وزیراعظم انوار
وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے جب تک ایک بھی کشمیری زندہ ہے آزادی کی شمع روشن رہے گی ۔کشمیری بھارت سے آزادی کیلیے کسی بھی حد تک جا سکتے ہیں ۔بھارتی وزیر امیت شاہ نے جو قانون منظور کرائے ہیں، اس کی شدید مذمت کرتا ہوں۔ اس سے نظر آتا ہے کہ بھارت مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کی کوششیں کر رہا ہے ۔
وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے ان خیالات کا اظہار کشمیر پالیسی ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے زیر اہتمام انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر جموں کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر وزیر خزانہ عبدالماجد خان ،ایمبیسڈر نائلہ چوہان ،اسلامک یونیورسٹی سوشل سائنسز کی ڈین ڈاکٹر آمنہ محمود ،الطاف حسین وانی سمیت اعلی حکام موجود تھے ۔
وزیراعظم نے کہا ہمارے سامنے افغانستان بھی موجود ہے جنہوں نے دونوں عالمی طاقتوں کو سبق سکھایا کہ حاکمیت مالک الملک کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ جو مناظر فلسطین میں نظر آئے وہی مناظر مقبوضہ کشمیر کے ہیں جہاں بھارت انسانی حقوق کی دھجیاں اڑا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ نیلسن منڈیلا کی جدوجہد عشروں پر محیط رہی ،ہماری زندگی جدوجہد سے عبارت ہے روشن صبح کس نے دیکھنی ہے، اس کا فیصلہ اللہ رب العزت نے کرنا ہے ،قوموں کی زندگی میں مراحل آتے ہیں کبھی جدوجہد تیز ہو جاتی ہے کبھی کم ہو جاتی ہے ۔ایسٹ تیمور اور سوڈان میں جو ہوا وہ بھی ہمارے سامنے ہے ۔
انہوں نے کہا کہ بھارت دنیا کو اس لئے آنکھیں دکھاتا ہے کہ اس کی اقتصادی طاقت ہے ۔انہوں نے کہا کہ مایوسی کی ایک فیصد گنجائش نہیں ہے ہم نے ہندوستان کو ہر جگہ مات دی ہے جب اس نے فروری میں ایڈونچر کرنے کی کوشش کی تو اسے منہ کی کھانی پڑی ۔انہوں نے کہا جب بھی بھارت کا الیکشن قریب آتا ہے تو وہ ایل او سی پر جارحیت کا ماحول پیدا کرتا ہے اگر اس نے اس بار ایسی کوئی کوشش کی تو ایسا کرارا جواب ملے گا کہ وہ یاد رکھے گا۔
انہوں نے کہا کہ مسلح افواج پاکستان ملک کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کی محافظ ہیں ،زمینی جدوجہد کو زندہ رکھنا ہے آزادی کیلیے نسلیں قربان کرنی پڑتی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر اور آزادکشمیر کا کوئی موازنہ ہی نہیں ہے آزادکشمیر میں کوئی بھی سیاسی قیدی نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ آسٹریلوی سفیر سے کہا کہ جب آپ کا جی کرے آزادکشمیر آئیں ۔انہوں نے کہا کہ اللہ کے فضل سے احتساب کا عمل اپنی ذات سے شروع کیا پہلے خود کو قانون کے سنے جوابدہ بنایا پھر سب کو کہا کہ خود کو قانون کے سامنے جوابدہ بنائیں ۔
وزیر خزانہ عبدالماجد خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کیلیے اہم کردار ادا کیا ہے ،بھارت میں جب سے بی جے پی کی حکومت آئی ہے اسنے ہندو توا کو فروغ دیا ،بھارت میں اقلیتوں کو ظلم و ستم کا نشانہ بنایا جا رہا ہے خاص طور پر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث ہے ۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں آرکائیوز کو ختم کیا جا رہا ہے ،بھارت بین الاقوامی قوانین کی مسلسل خلاف ورزیاں کر رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ قوموں کے مفادات ہندوستان سے وابستہ ہیں جس کی وجہ سے وہ اس کے خلاف کارروائی نہیں کر رہے ،حکومت اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرے گی ،بھارت کو روکنے کیلیے ہمیں عالمی برادری کو متحرک کرنا ہو گا تاکہ بھارت پر دباؤ بڑھایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ او آئی سی بھی اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرتی رہتی ہے ان سب کو سٹریم لائن کرنے کی ضرورت ہے تاکہ بھارت پر دباؤ برقرار رہے اور وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرے ۔ اسلامک انٹرنیشنل یونیورسٹی سوشل سائنسز کی سابق ڈین ڈاکٹر آمنہ محمود نے کہا کہ ہمیں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر کھل کر بات کرنا ہو گی ۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے 370 اور 35 اے ختم کی اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جاری رکھے ہوے ہے ۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے روکے اور کشمیر کے معاملے پر اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائے ۔
The candle of freedom will remain bright till the last Kashmiri.PM Anwar,آخری کشمیری تک آزادی کی شمع روشن رہےگی۔وزیراعظم انوار