عوام نے اس بات پر تاسف کا اظہار کیا ہے کہ ملک کے اہم ترین تفریحی مقام مری ہل سٹیشن میں شہریوں کیلئے ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء کی سہولت موجود نہیں جو تشویش ناک امر ہے۔ یاد رہے کہ مری میں کئی سال قبل اس وقت کے اسسٹنٹ کمشنر طاہر فاروق نے پولیس اور لائسنس اتھارٹی کے ہمراہ ڈرائیونگ لائسنس برانچ کا باقاعدہ افتتاح بھی کیا تھا لیکن کئی سال گزرنے کے باوجود اس پر آج تک عملدرآمد نہ ہو سکا۔
مری اور گردونواح سے تعلق رکھنے والے ڈرائیونگ لائسنس خواہشمند افراد کو لائسنس کے حصول کے لیے سفری اخراجات برداشت کر کے راولپنڈی جانا پڑتا ہے ۔
واضح رہے کہ حکومت پنجاب اور آئی جی پنجاب کی جانب سے پنجاب سمیت راولپنڈی کی مختلف تحصیلوں اور شہروں میں ڈرائیونگ لائسنس کی برانچیں قائم کر کے مقامی لوگوں کے لیے لائسنس کے حصول کو انتہائی آسان بنا دیا گیا ۔
دوسری طرف مری میں لرنر اور لائسنس کی تجدید کا سلسلہ کئی سال سے جاری ہے لیکن یہاں تمام تر سہولیات میسر ہونے کے باوجود ابھی تک اہل مری اس سہولت سے محروم ہیں عوامی حلقوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب، آئی جی پنجاب، آر پی او اور سی پی او راولپنڈی سے مری میں فوری طور پر ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء کی سہولت فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

